Baaghi TV

لندن سے ممبئی جانے والی پرواز کے 250 مسافر ترکی میں پھنس گئے

mumbai

لندن سے ممبئی جانے والی ورجن اٹلانٹک کی پرواز VS358 کے 250 سے زائد مسافر، جن میں اکثریت بھارتی شہریوں کی ہے، گزشتہ 42 گھنٹوں سے ترکی کے دیار بکر ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ پرواز کو ایک "ہنگامی طبی صورتحال” کی وجہ سے دیار بکر میں اتارنا پڑا، جس کے بعد طیارے کو تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق، "ہماری اولین ترجیح مسافروں اور عملے کی حفاظت اور سلامتی ہے، اور ہم پیش آئی تکلیف پر دلی معذرت خواہ ہیں۔ اگر تمام ضروری تکنیکی منظوری حاصل ہو گئی تو پرواز VS1358 دیار بکر سے ممبئی کے لیے جمعہ 4 اپریل کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے روانہ ہوگی۔”ایئرلائن کا مزید کہنا ہے کہ اگر منظوری نہ ملی تو متبادل منصوبہ یہ ہے کہ مسافروں کو بس کے ذریعے کسی دوسرے ترک ایئرپورٹ منتقل کیا جائے گا جہاں سے ان کے سفر کو مکمل کیا جائے گا۔اس دوران، مسافروں کو ترکی میں ہوٹل میں رہائش اور کھانے پینے کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ “ہم صورتحال کے حل کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں اور مسافروں کو تمام نئی معلومات سے باخبر رکھا جائے گا۔”

متاثرہ مسافروں اور ان کے اہل خانہ نے سوشل میڈیا پر شدید غصے اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ معروف شخصیت ہنومان داس نے ایک ویڈیو اور پیغام کے ذریعے بتایا:”میرا خاندان اور 250 سے زائد مسافر @virginatlantic کی جانب سے غیر انسانی سلوک کا شکار ہیں۔ 30 گھنٹوں سے ایک فوجی ایئرپورٹ پر قید ہیں، لیکن @BBCWorld یا عالمی میڈیا اس واقعے پر خاموش کیوں ہے؟”مسافروں نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر تقریباً 300 افراد کے لیے صرف ایک ٹوائلٹ دستیاب تھا، اور سرد موسم میں انہیں کمبل تک فراہم نہیں کیے گئے۔ تصاویر میں دکھایا گیا کہ مسافر ایئرپورٹ کی کرسیوں پر لیٹے اور پریشان حالت میں موجود ہیں۔

ورجن اٹلانٹک کی سوشل میڈیا ٹیم نے ایک پوسٹ میں کہا،”ہم اپنے مسافروں سے پیش آئی زحمت پر دلی معذرت خواہ ہیں۔ اس وقت تمام مسافروں کو ترکی میں ہوٹلوں میں قیام کی سہولت دی گئی ہے اور ہم کل کے لیے ان کے سفر کے حل پر کام کر رہے ہیں۔”

بھارت کے انقرہ میں واقع سفارتخانے نے اس معاملے پر نظر رکھنے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ وہ تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ بھارتی شہریوں کو جلد از جلد ان کی منزل پر پہنچایا جا سکے۔

More posts