Baaghi TV

بلوچستان میں کارروائیاں، 41 دہشتگرد ہلاک: آئی ایس پی آر


آئی ایس پی آر کے مطابق 29 جنوری 2026 کو بلوچستان میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی تنظیموں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے 41 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
‎بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع ہرنائی کے مضافات میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 30 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج مارے گئے۔ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
‎دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع پنجگور میں کیا گیا، جہاں دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے 11 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد ہوئی۔ یہ دہشتگرد ماضی میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث رہے۔
‎آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں مزید کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ بیان کے مطابق “عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گے۔

More posts