وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کے اندر جاری آپریشن ’غضب للحق‘ کے دوران اب تک 583 افغان طالبان کو ہلاک جبکہ 795 سے زائد کو زخمی کر دیا ہے۔
اتوار کو سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عطا تارڑ نے بتایا کہ آپریشن کے دوران پاکستان کی کارروائیوں میں بڑی تعداد میں طالبان جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران 242 چیک پوسٹیں تباہ کی گئیں جبکہ 38 چیک پوسٹوں پر قبضہ کر کے انہیں بھی مسمار کر دیا گیا۔
وزیر اطلاعات کے مطابق کارروائیوں میں 213 ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں تباہ کی گئیں جبکہ افغانستان میں 64 مختلف مقامات کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی جھڑپیں 26 فروری کو اس وقت شروع ہوئیں جب افغان فورسز نے سرحد کے قریب پاکستانی فوجی تنصیبات پر حملہ کیا۔ افغانستان کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی پاکستان کی جانب سے افغانستان میں عسکریت پسندوں کے مبینہ کیمپوں پر فضائی حملوں کے ردعمل میں کی گئی تھی۔
آپریشن غضب للحق میں 583 افغان طالبان ہلاک، 795 زخمی: عطا تارڑ
