بلوچستان میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اہم اور طویل المدتی منصوبہ رواں سال اپریل میں شروع کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے
اس منصوبے کے تحت ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی سے سبی تک تقریباً 600 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی مکمل اپ گریڈیشن کی جائے گی، جسے صوبے کی تاریخ کا ایک بڑا ریلوے منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے،ذرائع کے مطابق ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا یہ منصوبہ 400 ملین ڈالر کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، جبکہ اس کی مدتِ تکمیل تین سال رکھی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت پرانے اور خستہ حال ریلوے ٹریک کو جدید معیار کے مطابق تبدیل کیا جائے گا، جس سے نہ صرف ٹرینوں کی رفتار میں اضافہ ہوگا بلکہ سفری حفاظت اور سہولیات میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اپ گریڈیشن کے بعد اس ریلوے لائن پر مسافر اور مال بردار ٹرینوں کی آمد و رفت میں اضافہ ممکن ہو سکے گا، جس سے بلوچستان کے دور دراز علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں سے بہتر انداز میں جوڑا جا سکے گا۔ خاص طور پر معدنی وسائل سے مالا مال ضلع چاغی اور اس کے گردونواح میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔ریلوے حکام کے مطابق منصوبے میں جدید سگنلنگ سسٹم، مضبوط پٹڑی، بہتر پل اور کراسنگز کی تعمیر شامل ہوگی، تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے علاقے کی سماجی و معاشی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
