Baaghi TV


یو اے ای میں ویڈیوز شیئر کرنے پر 70 برطانوی شہری گرفتار


متحدہ عرب امارات میں ایرانی حملوں سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنے کے الزام میں 70 برطانوی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس نے بین الاقوامی سطح پر تشویش پیدا کر دی ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار افراد میں سیاح، یو اے ای میں مقیم برطانوی شہری اور ایوی ایشن عملہ بھی شامل ہے۔ حکام کے مطابق ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد ہونے والے نقصانات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع سے شیئر کیں۔
‎رپورٹس کے مطابق بعض افراد کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے، تاہم ان کے پاسپورٹ ضبط کر لیے گئے ہیں تاکہ وہ ملک سے باہر نہ جا سکیں۔ اماراتی قوانین کے تحت حساس نوعیت کی تصاویر یا ویڈیوز کو شیئر کرنا ہی نہیں بلکہ انہیں وصول کرنا بھی جرم تصور کیا جا سکتا ہے۔
‎قانونی ماہرین کے مطابق ایسے کیسز میں 10 سال تک قید اور 2 لاکھ درہم تک جرمانہ بھی ہو سکتا ہے، جو ان قوانین کی سختی کو ظاہر کرتا ہے۔
‎میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ سے قبل تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار برطانوی شہری دبئی میں مقیم تھے، تاہم ایران سے کشیدگی بڑھنے کے بعد ان میں سے بڑی تعداد واپس برطانیہ جا چکی ہے۔
‎ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنگی یا حساس حالات میں معلومات کے پھیلاؤ پر سخت کنٹرول رکھا جا رہا ہے، اور غیر ذمہ دارانہ شیئرنگ سنگین قانونی نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔

More posts