ایشیا کرکٹ کپ کہاں ہوگا ، سوروگنگولی نے اجلاس سے پہلے ہی دعویٰ کردیا
باغی ٹی وی :بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی نے دعوی کیا ہے کہ ایشیا کپ کا آئندہ ایڈیشن رواں سال کے آخر میں متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔
3 مارچ کو ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس کے لئے دبئی روانگی سے قبل ایڈن گارڈن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ، بی سی سی آئی کے صدر نے ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی شرکت کی تصدیق کی ہے .
واضح رہے کہ پہلے یہ خبر تھی کہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان میں ہوگا یا پھر کسی دوسرے مقام پر فیصلہ تین مارچ کو ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ہوگا، اے سی سی کا اہم اجلاس تین مارچ سے دبئی میں ہوگا، اجلاس میں ایشیا کپ کے انعقادکے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو سونپی ہے تاہم انڈین کرکٹ بورڈ نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کی بنا پر پاکستان میں ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کادبئی میں ہونے والا اجلاس اہمیت اختیار کرگیا ہے ۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پی سی بی نے ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے پلان بی تیار کرلیا ہے اور پاک بھارت کشیدگی کے باعث ایشیا کپ دبئی میں کروانے پر غور جاری ہے ۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کا نام بھی ایشیا کپ کی میزبانی کے لئے گردش کررہا ہے، اس سے قبل پاکستان کے بھارت میں کھیلنے سے انکارکے بعد انڈین بورڈ نے ایشیا کپ 2018 متحدہ عرب امارات میں کروایا تھا، ایشیا کپ دبئی یا کسی اور مقام پر منتقل ہونے کی صورت میں ایونٹ کا میزبان پاکستان ہی ہوگا
