Baaghi TV

مایوسی پھیلانے کی حوصلہ شکنی کر کے عوام کو امید دلائیں گے۔عبدالعلیم خان

aleem khan

گلگت بلتستان میں آئی پی پی کو اہم وزارتیں ملنے پر عبدالعلیم خان کی وزراء کو دن رات کام کرنے کی ہدایت

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اور پارٹی قائدین نے ملاقات کی، جس میں گلگت بلتستان میں حالیہ حکومت سازی، آزاد کشمیر کے انتخابات اور دیگر سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کرنے والوں میں راجہ جلال مقپون، امام مالک، حاجی گلبر خان، شمس لون اور سردار تبارک علی شامل تھے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں خالد محمود اور صدر پنجاب رانا نذیر احمد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔اجلاس میں گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال، حکومت سازی اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ پارٹی رہنماؤں نے آزاد کشمیر کے انتخابات اور انتخابات کے بعد کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے بھی اپنی تجاویز پیش کیں۔ملاقات میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں تعلیم، خوراک، صنعت، پانی و بجلی، جیل، زراعت اور داخلہ کی وزارتیں استحکام پاکستان پارٹی کو ملی ہیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ شمالی علاقہ جات میں سیاحت سمیت اہم شعبوں میں ترقی ناگزیر ہے اور درست پالیسیوں کے ذریعے گلگت بلتستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرتی حسن اور بے پناہ وسائل سے مالامال علاقوں میں ترقی کے لیے صرف محنت، مؤثر منصوبہ بندی اور درست سمت کی ضرورت ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کو ترقی کے حقیقی ثمرات پہنچانے کے لیے آئی پی پی کے وزراء کو دن رات کام کرنا ہوگا۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ مایوسی پھیلانے کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے عوام کو امید اور ترقی کا پیغام دیا جائے گا۔ ملاقات میں استحکام پاکستان پارٹی کی آئندہ سیاسی حکمت عملی، مختلف سیاسی امور اور دیگر تجاویز پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔

More posts