بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کا ممبئی کے باندرہ میں واقع مشہور بنگلہ ’منت‘ ایک بار پھر خبروں میں آ گیا، جہاں احاطے میں دو سانپ نظر آنے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں میں تشویش پھیل گئی۔
اطلاع ملنے پر محکمہ جنگلات کی ٹیم اور سانپ ریسکیو ماہرین فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور کئی گھنٹوں تک بنگلے کے مختلف حصوں میں تلاش کی۔ اس دوران ایک تقریباً 8 فٹ لمبا سانپ گارڈن میں قائم ایک شیڈ کے اندر سے برآمد ہوا، جسے ریسکیو ٹیم نے بحفاظت پکڑ لیا، تاہم دوسرے سانپ کا سراغ نہ مل سکا۔ذرائع کے مطابق ’منت‘ کے ایک گارڈ نے سب سے پہلے احاطے میں سانپ کو دیکھا اور فوری طور پر سکیورٹی عملے کو اطلاع دی۔ بعد ازاں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے ساتھ سانپ ریسکیو ماہر وکی دوبے بھی موقع پر پہنچے اور سرچ آپریشن شروع کیا۔
ریسکیو ماہر وکی دوبے کے مطابق پکڑا گیا سانپ تقریباً 8 فٹ لمبا تھا اور دھامن نسل سے تعلق رکھتا ہے، جسے انڈین ریٹ اسنیک بھی کہا جاتا ہے۔ یہ سانپ زہریلا نہیں ہوتا، تاہم اپنی جسامت اور تیز رفتاری کے باعث اسے پکڑتے وقت خصوصی احتیاط کرنا پڑتی ہے۔ریسکیو ٹیم نے دوسرے سانپ کی تلاش کے لیے بھی بنگلے کے اندر اور اطراف میں سرچ آپریشن جاری رکھا، تاہم اس کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ ٹیم کے مطابق امکان ہے کہ دوسرا سانپ تلاش کے دوران ’منت‘ کے احاطے سے باہر نکل گیا ہو۔
واضح رہے کہ ’منت‘ میں اس وقت مرمتی اور تعمیراتی کام جاری ہے، جس کے باعث شاہ رخ خان اپنے اہل خانہ کے ہمراہ فی الحال اس بنگلے میں مقیم نہیں ہیں بلکہ باندرہ میں ہی ایک دوسرے اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر ہیں۔ سانپوں کی موجودگی کے وقت اداکار اور ان کا خاندان بھی بنگلے میں موجود نہیں تھا۔ممبئی میں فلمی ستاروں کے گھروں میں سانپ ملنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ رواں سال اداکار سلمان خان کے باندرہ میں واقع ’گلیکسی اپارٹمنٹ‘ میں بھی سانپ دیکھا گیا تھا، جسے اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے بحفاظت پکڑ لیا تھا۔
