Baaghi TV

لاہور میں بسنت،ایس او پیز جاری،سخت حفاظتی اقدامات کا حکم

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے بسنت 2026 کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس، کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز اور شہریوں کیلئے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے

ضلع لاہور کی حدود میں 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو بسنت منائی جائے گی۔ حکومت نے سخت شرائط اور حفاظتی اقدامات کے تحت پتنگ بازی کی مشروط اجازت دی۔ پتنگ اور ڈور مینوفیکچررز کی رجسٹریشن کیلئے ای بز ایپ اور آن لائن پورٹل فعال کر دی گئی پتنگ بازی کا سامان فروخت کرنے کیلئے یکم تا 8 فروری 2026 کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ چرخیاں بنانے اور بیچنے پر مکمل پابندی، ڈور صرف "پنا” کی شکل میں ہو گی۔ نائلون، پلاسٹک اور دھاتی تار کے استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ حکام نے تمام مینوفیکچررز اور سیلرز کو اپنی ڈیجیٹل رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے،نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کیلئے بائیک پر حفاظتی تار لگوانا لازمی ہوگا۔ پتنگ اور گڈے کا سائز مقررہ حد سے تجاوز نہ کرے، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔ پولیس اور ضلعی افسران ممنوعہ ڈور بیچنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کریں۔ پتنگ بازی صرف 6، 7 اور 8 فروری کو کی جائے گی ۔

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ بسنت لاہور کا ثقافتی تہوار ہے، اسے محفوظ بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ خونی ڈور اور کیمیکل کوٹنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ کاروباری حضرات 30 دسمبر سے قانونی طریقے سے کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔ انسانی جانوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، کوتاہی نہیں برتیں گے، والدین اپنے بچوں کو ممنوعہ ڈور کے استعمال سے روکیں۔ قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔

More posts