کراچی کی عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان عرف ارمی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے غیر قانونی کال سینٹر چلانے سے متعلق پیکا ایکٹ کے مقدمے میں ملزم کی ضمانت منظور کر لی۔
تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ عامر قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ارمغان عرف ارمی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، جو غیر قانونی کال سینٹر کے الزام میں پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں دائر کی گئی تھی۔
عدالت میں سماعت کے دوران وکیل صفائی خرم عباس اعوان ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کے خلاف تاحال چالان پیش نہیں کیا گیا، نہ ہی تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہو رہا ہے اور نہ کوئی گواہ سامنے آیا ہے۔ وکیل کے مطابق ملزم کے خلاف کوئی تحریری شکایت بھی موجود نہیں۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد ارمغان عرف ارمی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ ملزم کے خلاف این سی سی آئی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مصطفیٰ عامر قتل کیس: مرکزی ملزم ارمغان کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم
