ملک بھر میں سونے کی قیمت ایک بار پھر بلند ہو گئی ہے اور آج بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں سینکڑوں سے ہزاروں روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹس میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی دیکھے گئے ہیں، جہاں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا اور نئی قیمت 4 لاکھ 73 ہزار 262 روپے تک جا پہنچی۔ اسی طرح 10 گرام سونا 3 ہزار 172 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 5 ہزار 745 روپے ہو گیا۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 37 ڈالر کے اضافے کے بعد 4 ہزار 509 ڈالر پر پہنچ گئی۔ پاکستان میں چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی تولہ چاندی کی قیمت 270 روپے بڑھ کر 8 ہزار 465 روپے تک جا پہنچی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی صورتحال اور سرمایہ کاروں کی سونے میں بڑھتی دلچسپی کے باعث قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ سونا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے اور افراط زر یا سیاسی و معاشی عدم استحکام کے اوقات میں اس کی قیمت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ صدیوں سے سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال میں سونا خرید کر اپنے اثاثوں کو محفوظ رکھتے آئے ہیں۔
گذشتہ برس پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔
ملک بھر میں سونے کی قیمتیں پھر بلند، فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ
