جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جامعہ مدینہ جدید، رائے ونڈ روڈ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مدرسوں میں ادب کی جو تعلیم دی جاتی ہے وہ دنیا کی کسی دانش گاہ میں نہیں ملتی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارا کام اور مقصد یہ ہونا چاہیے کہ بڑوں کے نصب العین کو ہمیشہ زندہ رکھیں، کیونکہ دنیا میں آنے والے ہمیشہ کے لیے نہیں آتے، بلکہ ایک وقت کے لیے آتے ہیں۔
انہوں نے اسلام کو اعتدال کا مذہب قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کے نوجوانوں کو اسلاف سے رشتہ توڑنے کا درس دیا جا رہا ہے، جبکہ مدرسوں میں ادب اور اخلاق کی تعلیم اس کی اصل بنیاد ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ جب حکمرانوں کی قوت باطلہ حرکت میں آتی ہے تو نئی شکل پیدا ہوتی ہے، لیکن حق کی آواز وہی ہوگی جو اس کے مقابل کھڑی ہوگی۔ اسلام کی بقا آسائشوں میں نہیں بلکہ آزمائشوں سے گزرنے میں ہے۔
ہمارے مدرسوں میں ادب کی تعلیم دنیا کی کسی دانش گاہ میں نہیں ملتی: مولانا فضل الرحمان
