Baaghi TV


آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن اپنی حکومت بنائے گی، انتخابات شفاف تھے: رانا ثنا اللہ

rana sana

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کو شفاف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عوامی حمایت کے باعث اپنی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کشمیر کے عوام نے پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی ترقیاتی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق انتخابی عمل مجموعی طور پر آزادانہ اور شفاف رہا، جبکہ انتخابی نتائج عوامی رائے کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی دھاندلی کے الزامات پر مبنی مہم جاری رکھی، تاہم ان کے مطابق ایسے دعوؤں کی کوئی بنیاد نہیں۔ رانا ثنا اللہ نے امید ظاہر کی کہ انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ہونے والی 10 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) کم از کم 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی، جس کے بعد پیپلز پارٹی بھی انتخابی نتائج کو تسلیم کر لے گی۔
‎مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی بخوبی جانتے ہیں کہ آزاد کشمیر کے انتخابات آزادانہ اور منصفانہ انداز میں منعقد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو حکومت سازی کے لیے کسی اتحادی جماعت کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ پارٹی اپنی اکثریت کی بنیاد پر حکومت تشکیل دے گی۔
‎نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کسی بھی باضابطہ اجلاس میں نئے انتظامی یونٹس یا نئے صوبوں کے قیام پر کوئی فیصلہ یا واضح مؤقف اختیار نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق اس وقت یہ معاملہ پارٹی کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا پارلیمانی جمہوری نظام اور 1973 کا آئین ملک کے اتحاد اور وفاق کی مضبوطی کی بنیاد ہیں۔ ان کے بقول گزشتہ کئی دہائیوں میں ملک نے مختلف سیاسی بحرانوں، مارشل لا اور آمریت کے ادوار کا سامنا کیا، لیکن آئین نے وفاق کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
‎رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسئلہ نظام یا آئین میں نہیں بلکہ اس پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے میں ہے۔ اگر آئین اور قانون کی روح کے مطابق عمل کیا جائے تو موجودہ نظام بہتر انداز میں نتائج دے سکتا ہے، جبکہ آئینی خلاف ورزیاں ہی نظام کو کمزور کرتی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ آئینی و جمہوری ڈھانچہ مستقبل میں بھی ملک کو استحکام فراہم کرتا رہے گا۔

More posts