بلوچستان کے ضلع خاران میں دہشت گردوں نے بینکوں پر لوٹ مار کی کوشش کی، مگر سکیورٹی فورسز کی فوری کارروائی سے 12 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، بھارتی حمایت یافتہ 15 سے 20 دہشت گردوں نے علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیاں شروع کیں۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے سٹی پولیس اسٹیشن اور دو بینکوں کو نشانہ بنایا، اور لوٹ مار کے دوران بینکوں سے 34 لاکھ روپے چھین لیے۔
سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کو پسپا کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، کلیئرنس آپریشن کے دوران تین الگ الگ جھڑپوں میں 12 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کی پولیس اسٹیشن میں یرغمالی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، اور علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم مکمل شدت سے چل رہی ہے، اور ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
خاران: دہشت گردوں کی بینکوں پر لوٹ مار ناکام، 12 دہشت گرد ہلاک
