Baaghi TV


وزیراعظم شہباز شریف کا سی پیک 2.0 کو حقیقت میں بدلنے کے عزم کا اظہار


وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ سی پیک 2.0 کو عملی شکل دینے اور اسے ایک کامیاب منصوبہ بنانے کے منتظر ہیں، جس سے پاکستان کی معیشت بالخصوص زرعی شعبے کو نئی سمت ملے گی۔
‎انہوں نے یہ بات پیر کے روز اسلام آباد میں پاک چین ایگری انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین میں جدید زرعی تربیت حاصل کرنے والے ایک ہزار پاکستانی زرعی گریجویٹس ملکی زرعی معیشت کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
‎وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھا کر برسوں کے کام کو مہینوں میں مکمل کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے اور ہر شعبے میں تعاون کے لیے تیار ہے۔
‎تقریب میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، جام کمال، اویس لغاری، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ، بیجنگ میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، پاکستانی و چینی کمپنیوں کے نمائندے اور اعلیٰ سرکاری حکام شریک تھے۔
‎وزیراعظم نے زراعت کو پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیداوار میں اضافہ، پانی کے مؤثر استعمال، جدید کاشت کاری، ویلیو چین، کولڈ چین اور ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینا ہوگی۔
‎ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کو جدید مہارتیں اور ٹیکنالوجی فراہم کر رہا ہے، جبکہ 2024 اور 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان بی ٹو بی اور جی ٹو جی سطح پر متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جنہیں اب عملی معاہدوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
‎وزیراعظم نے بتایا کہ ملک بھر سے میرٹ پر منتخب کیے گئے ایک ہزار زرعی گریجویٹس نے چین کی زرعی جامعات اور تحقیقی مراکز میں اعلیٰ معیار کی تربیت حاصل کی۔ ان کے مطابق یہ گریجویٹس وطن واپس آ کر کسانوں کی رہنمائی کریں گے اور ان کی مہارتیں زرعی معیشت کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔
‎انہوں نے چینی سفیر کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ زراعت، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت میں چین کی ترقی مثالی ہے۔ وزیراعظم نے یاد دلایا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کو اس سال 75 برس مکمل ہو رہے ہیں، جو دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کا مظہر ہیں۔

More posts