Baaghi TV

کشمیر میں (ن) لیگ حکومت بنائے گی، بلاول انتخابی نتائج تسلیم کریں: احسن اقبال

ahsan

شکر گڑھ: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج پر بلاول بھٹو زرداری کو شور مچانے کے بجائے عوامی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے، کیونکہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی۔

شکر گڑھ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی حکومت بناتی ہے تو اسے شفاف انتخاب قرار دیا جاتا ہے، لیکن جب آزاد کشمیر میں نتائج پیپلز پارٹی کے حق میں نہ آئیں تو دھاندلی کے الزامات لگائے جانے لگتے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا انتخابی شفافیت کا معیار صرف اس وقت درست ہوتا ہے جب نتائج کسی مخصوص جماعت کے حق میں ہوں؟ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو چاہیے کہ وہ دھاندلی کا شور مچانے کے بجائے آزاد کشمیر کے عوام کے فیصلے کو تسلیم کریں۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ توقع تھی کہ مظفرآباد کے انتخابی نتائج سامنے آنے پر بلاول بھٹو نواز شریف اور شہباز شریف کو مبارکباد دیں گے، مگر اس کے برعکس وہ نتائج دیکھ کر سخت ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بانی پاکستان تحریک انصاف پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے وقت انہوں نے کشمیریوں کا مقدمہ مؤثر انداز میں نہیں لڑا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے مہاجرینِ کشمیر کی مخصوص نشستوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا بلکہ اپنے مؤقف پر ثابت قدم رہی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں عوامی اعتماد کے ساتھ حکومت تشکیل دے گی اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام جاری رکھے گی۔

More posts