لوئر کرم میں سکیورٹی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی افغانستان فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق تیراہ میں جاری آپریشن کے دباؤ کے نتیجے میں دہشتگرد عناصر نے کرم کے راستے سرحد پار فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے ان کے عزائم خاک میں ملا دیے،ذرائع کا کہنا ہے کہ قمر میلا پوسٹ کے قریب دہشتگردوں کی ایک بڑی تشکیل کی مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ اس کارروائی کے دوران 30 سے زائد دہشتگردوں پر مشتمل گروہ کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ افغانستان میں موجود اپنی پناہ گاہوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔
سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو مؤثر فائرنگ کے ذریعے روکا، جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کو شدید جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا، جس دوران ہلاک دہشتگردوں میں سے دو لاشیں برآمد ہوئیں، جن میں سے ایک لاش مکمل طور پر جھلس چکی تھی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق باقی دہشتگرد اندھیرے اور دشوار گزار راستوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم ان کی تلاش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دہشتگردوں کی یہ تشکیل طویل عرصے سے سکیورٹی فورسز کو مطلوب تھی اور ان کے خلاف کارروائی کی منصوبہ بندی پہلے سے کی جا رہی تھی۔ تیراہ آپریشن کے باعث دہشتگرد نیٹ ورک بری طرح دباؤ کا شکار ہے اور مختلف علاقوں میں فرار کے راستے تلاش کر رہا ہے، تاہم فورسز نے سرحدی علاقوں میں نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔
سکیورٹی حکام کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن بدستور جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک پہنچائی جائیں گی اور ملک دشمن عناصر کو کسی صورت محفوظ پناہ گاہیں بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
