راولپنڈی کے علاقے اقبال ٹاؤن میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں 5 سالہ معصوم بچہ سیوریج کے پانی سے بھرے کھڈے میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا جبکہ شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ صادق آباد اقبال ٹاؤن کے علاقے میں نجی ہاؤسنگ اپارٹمنٹس کے قریب پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ بچہ پتنگ پکڑنے کی کوشش میں کھیلتے کھیلتے اچانک کھلے کھڈے میں جا گرا، جو سیوریج کے گندے پانی سے مکمل طور پر بھرا ہوا تھا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ نجی ہاؤسنگ اپارٹمنٹس کی جانب سے تعمیراتی مقاصد کے لیے کھدائی کروائی گئی تھی، تاہم حفاظتی اقدامات اختیار نہیں کیے گئے۔ کھدائی کے باعث ملحقہ نالہ بند ہو گیا جس کا پانی جمع ہو کر کھلے کھڈے میں بھر گیا، جس سے یہ جگہ انتہائی خطرناک بن گئی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور بچے کو نکال کر فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز نے بچے کی موت کی تصدیق کر دی۔ ریسکیو حکام کے مطابق پانی کی گہرائی اور گندگی کے باعث بچے کو بچایا نہ جا سکا۔بچے کی موت کے بعد تھانہ صادق آباد پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں،علاقہ مکینوں نے نجی ہاؤسنگ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں کھلے کھڈوں اور غیر محفوظ تعمیراتی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
