Baaghi TV

ننکانہ صاحب: مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے پولیو عظمیٰ کاردار کا دورہ، پولیو مہم کا جائزہ

ننکانہ صاحب (نامہ نگار احسان اللہ ایاز)مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا، جہاں ان کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں جاری پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ہیلتھ، محکمہ صحت کے افسران اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے مشیر وزیراعلیٰ کو ضلع میں جاری پولیو مہم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع ننکانہ صاحب میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 88 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے حصول کے لیے مجموعی طور پر 1198 پولیو ٹیمیں فیلڈ میں قومی فریضہ سرانجام دے رہی ہیں۔ بتایا گیا کہ ضلع میں پولیو مہم کا آج آخری روز ہے اور ہدف کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔

اس موقع پر مشیر وزیراعلیٰ پنجاب عظمیٰ کاردار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود بچوں کو معذوری سے بچانے کے لیے انسدادِ پولیو مہم پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں، اور پنجاب بھر میں تمام اداروں کے لیے پولیو مہم کے سو فیصد اہداف کا حصول اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔

عظمیٰ کاردار نے انسدادِ پولیو ٹیموں پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں مزید متحرک ہو کر قومی جذبے کے تحت فرائض انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جھگیوں، بس اسٹینڈز، شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور گھروں تک جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں تاکہ سو فیصد اہداف کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔

بعد ازاں مشیر وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب کے ہمراہ گوردوارہ جنم استھان میں قائم پولیو کیمپ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے اور کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

More posts