Baaghi TV

بھارت کے منصوبے ناکام ہوں گے، امت مسلمہ اور پاکستان متحد ہے: پروفیسر حافظ طلحہ سعید

ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی نائب صدر پروفیسر حافظ محمد طلحہٰ سعید نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر کے بعد بلوچستان پر بھی حملہ آور ہوا ہے، لیکن بلوچستان میں بھارت کے تمام منصوبے ناکام ہو جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

کانفرنس میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی صدر میاں محمد عابد، جنرل سیکرٹری ثاقب مجید سمیت دیگر عہدیداران، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسر حافظ طلحہٰ سعید نے کہا کہ امت مسلمہ، پاکستان اور کشمیر کے دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے اور کلمہ طیبہ کے نام پر قائم ہونے والا ملک پاکستان قیامت تک آباد رہے گا، جبکہ اس کے تمام دشمنوں کی سازشیں ناکام ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ خدمت، عبادت اور برداشت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ہم جمہوری و پرامن جدوجہد کے ذریعے اللہ کا نظام ملک میں نافذ کریں گے۔ انہوں نے چور دروازے سے بننے والی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوامی مسائل حل نہیں کر سکتیں۔

پروفیسر حافظ طلحہٰ سعید نے مزید کہا کہ اسلام اور نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمارے تمام مسائل کا حل بتا دیا ہے، جس پر عمل پیرا ہونا ہر مسلمان کا فرض ہے۔ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے سنجیدگی اور ایمانداری سے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے الزام تراشی، گالم گلوچ اور عدم برداشت کی سیاست کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ملک سے ایسی سیاست کا خاتمہ کرے گی۔ انہوں نے اسرائیل کی فلسطین پر قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بدترین ظلم ہے۔

پروفیسر حافظ طلحہٰ سعید نے بتایا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک بھر میں یونین کونسل کی سطح پر انٹرا پارٹی انتخابات کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب عہدیداران بلا تفریق رنگ، مذہب اور مسلک عوام کی خدمت کریں گے۔

کانفرنس کے دوران ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے پی پی حلقوں اور یونین کونسل کی سطح پر نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا اور ان کی استقامت کے لیے دعا کی۔ بعد ازاں پروفیسر حافظ طلحہٰ سعید نے مدرسہ معاذ بن جبل میں حفظ قرآن مکمل کرنے والے نو حفاظ کرام میں اسناد تقسیم کیں اور گونگے بہرے بچوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں نصیحت کی کہ وہ اللہ کی نعمتوں پر شکر ادا کرتے ہوئے اس کی تعلیمات پر عمل کریں تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابیاں حاصل کر سکیں۔

More posts