لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، جس دوران پرو ہاکی لیگ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے کھلاڑیوں کے ساتھ ناروا سلوک پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی کے کھلاڑیوں کو ہر طرح سے سہولت اور اکاموڈیٹ کیا جائے گا اور ہاکی کے معاملات کو سٹریم لائن کرنے میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے مصر میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ کے لیے کھلاڑیوں کے ٹکٹس، کٹس اور ہوٹل میں رہائش کے انتظامات کا حکم دیا اور کہا کہ ہاکی کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا آغاز کل سے ہوگا۔ انہوں نے رات تک کیمپ کے تمام انتظامات مکمل کرنے اور زخمی کھلاڑیوں کا فوری علاج کرنے کی ہدایت بھی دی۔
محسن نقوی نے کہا، "آپ صرف کھیل پر توجہ دیں، پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے، کسی بھی صورت وطن کے وقار پر حرف نہیں آنے دیں گے۔”
اسی موقع پر، چیئرمین پی سی بی نے چھ قومی ہاکی ٹورنامنٹ میں رنر اپ ٹیم کے کھلاڑیوں کو اعلان کردہ 10،10 لاکھ روپے کے چیک بھی دیے۔ کھلاڑیوں نے ملاقات اور حوصلہ افزائی کرنے پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
قومی ہاکی ٹیم کی پی سی بی چیئرمین سے ملاقات، کھلاڑیوں کے مسائل حل کرنے کے وعدے
