وزیراعظم شہباز شریف نے دو روزہ دورۂ دوحہ کے دوران قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ امیر قطر نے اقتصادی شراکت داری کو اعلیٰ اسٹریٹجک سطح تک لے جانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع سے بھی ملاقات کی، جس میں ایران اور افغانستان کی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں استحکام کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل ناگزیر ہیں۔ اعلامیے کے مطابق اہم علاقائی امور پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران امیر قطر نے وزیراعظم کی دعوت قبول کرتے ہوئے رواں سال پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز دو روزہ سرکاری دورے پر دوحہ پہنچے تھے، جہاں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
دوحہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر کی ملاقات
