شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بیٹی کم جو اے ایک فوجی مشق کے دوران ٹینک چلاتی ہوئی نظر آئیں، جس کی تصاویر سرکاری میڈیا پر جاری کی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق تقریباً 13 سالہ کم جو اے حالیہ مہینوں میں اپنے والد کے ہمراہ مختلف عوامی اور فوجی تقریبات میں باقاعدگی سے شریک ہو رہی ہیں، جس سے ان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری تصاویر میں کم جو اے کو ٹینک کے ڈرائیور ہیچ سے باہر دیکھتے ہوئے سامنے کی نشست پر بیٹھا دکھایا گیا، جبکہ کم جونگ اُن بھی اس فوجی مشق کے موقع پر موجود تھے۔
رپورٹس کے مطابق یہ مشق ایک جدید طرز کے ٹینک کے ساتھ کی گئی، جسے ڈرونز اور اینٹی ٹینک میزائلوں کے خلاف بہتر دفاعی اور جارحانہ صلاحیتوں کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق کم جو اے کی مسلسل عوامی موجودگی مستقبل میں قیادت کے ممکنہ کردار کی جانب اشارہ ہو سکتی ہے۔
کم جونگ اُن کی بیٹی ٹینک چلاتے ہوئے منظرعام پر، فوجی مشق میں شرکت
