ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ جاری جنگ کا خاتمہ ایران کی اپنی شرائط پر ہی ہوگا اور کسی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران اپنے عوام کی عزت اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایران مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے اور عالمی سطح پر ایک باوقار مقام رکھتا ہے۔
مسعود پزشکیان نے ایرانی مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی اور دفاع میں افواج نے تاریخی کردار ادا کیا ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ کوئی براہ راست مذاکرات نہیں ہو رہے بلکہ پیغامات صرف ثالثوں کے ذریعے پہنچائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے امریکی مطالبات کو غیر حقیقت پسندانہ اور حد سے زیادہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان شرائط کے تحت کسی معاہدے کا امکان کم ہے۔
ماہرین کے مطابق ایران کا سخت مؤقف ظاہر کرتا ہے کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں مزید پیچیدہ ہو سکتی ہیں، جبکہ مذاکرات کا عمل بھی مشکل مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
جنگ کا خاتمہ ہماری شرائط پر ہوگا، ایرانی صدر کا اعلان
