سندھ کے سینئر وزیر ،وزیراطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے خواتین کے لیے محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرائیویٹ ٹیکسیوں میں سفر کرنے والی خواتین اکثر ہراسانی کی شکایات کرتی ہیں، اسی لیے "پنک ٹیکسی” منصوبہ متعارف کروایا جا رہا ہے جسے خواتین ہی چلائیں گی اور اس میں سفر بھی صرف خواتین کریں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای وی (الیکٹرک وہیکل) پنک اسکوٹی پروگرام کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا ہے، سندھ حکومت خواتین کو مفت پنک اسکوٹیز فراہم کر رہی ہے جبکہ کسی اور صوبے میں ایسی سہولت دستیاب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک 20 ہزار خواتین ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے چکی ہیں اور حکومت انہیں مفت لائسنس کے ساتھ ڈرائیونگ کی تربیت بھی فراہم کر رہی ہے۔شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ سندھ میں الیکٹرک بسیں کامیابی سے چل رہی ہیں اور جلد مزید بسیں شامل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے اور دھابیجی اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صنعتوں کے قیام سے روزگار میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے ای وی ٹیکنالوجی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دھابیجی اکنامک زون میں الیکٹرک گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ یونٹس قائم کیے جائیں۔ اس حوالے سے آصف علی زرداری نے اپنے دورہ چین کے دوران بھی پاکستان میں ای وی سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔
مہنگائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات ہر ملک پر پڑتے ہیں، جس کے باعث اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی متاثر ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ہاؤس میں اس حوالے سے اجلاس بھی ہوا جس میں عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
