Baaghi TV

‎اسٹریٹجک عسکری مراکز دشمن کی پہنچ سے باہر: ایران کا دعویٰ

army


ایران کے خاتم الانبیا ﷺ سینٹرل ہیڈکوارٹر کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ ایران کے اسٹریٹجک میزائل، ڈرون اور فضائی دفاعی نظام کی تیاری کے مراکز امریکا اور اسرائیل کی پہنچ سے مکمل طور پر باہر ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران کی عسکری پیداوار ایسے خفیہ مقامات پر کی جا رہی ہے جو دشمنوں کے لیے نامعلوم ہیں اور ان تک رسائی حاصل کرنا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف موجودہ وقت میں بلکہ مستقبل میں بھی ان تنصیبات تک پہنچنا دشمن کے لیے ممکن نہیں ہوگا۔
‎ترجمان نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل ایران کی عسکری صلاحیتوں اور دفاعی نظام کے بارے میں مکمل معلومات نہیں رکھتے اور وہ ایران کی اصل طاقت سے آگاہ نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے اپنی دفاعی حکمت عملی اس انداز میں ترتیب دی ہے کہ اس کے حساس مراکز محفوظ اور خفیہ رہیں۔
‎لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے خبردار کیا کہ اگر کسی بھی فریق نے ایران کے اسٹریٹجک میزائل مراکز، طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز، جدید فضائی دفاعی نظام یا الیکٹرانک وارفیئر سے متعلق تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو یہ ایک سنگین غلطی ہوگی۔
‎انہوں نے کہا کہ جن مقامات کو نشانہ بنانے کے دعوے کیے جا رہے ہیں وہ درحقیقت غیر اہم ہیں اور ایران کے اصل دفاعی ڈھانچے پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
‎ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

More posts