تہران: ایران کے سابق وزیر خارجہ کمال خرازی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ ایرانی حکام نے ان کی شہادت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں سوگ کی فضا قائم ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق کمال خرازی گزشتہ روز اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وہ یکم اپریل کو ہونے والی شدید بمباری میں زخمی ہوگئے تھے، جو کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کی گئی کارروائیوں کا حصہ تھی۔حملے کے دوران ان کی اہلیہ موقع پر ہی شہید ہوگئیں جبکہ کمال خرازی کو شدید نوعیت کے زخم آئے تھے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ کئی روز تک زیر علاج رہے، تاہم زخموں کی شدت کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔ایرانی قیادت اور عوامی حلقوں کی جانب سے کمال خرازی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ حکومتی شخصیات نے انہیں ایک تجربہ کار سفارتکار اور قومی مفادات کے مضبوط محافظ کے طور پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
