Baaghi TV

ترکیہ کے اسکول میں فائرنگ، 16 افراد زخمی

‎ترکیہ کے جنوب مشرقی علاقے میں ایک ہائی اسکول میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے نے خوف و ہراس پھیلا دیا، جہاں ایک مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ سے کم از کم 16 افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
‎غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ صوبہ شانلی عرفہ کے علاقے سیورک میں واقع ایک ووکیشنل ہائی اسکول میں پیش آیا، جہاں 18 سالہ سابق طالب علم شاٹ گن لے کر داخل ہوا اور فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے بعد وہ اسکول کی عمارت میں چھپ گیا، تاہم بعد میں اسی ہتھیار سے خودکشی کر لی۔
‎گورنر حسن شلداک کے مطابق زخمیوں میں 10 طلبا، 4 اساتذہ، کینٹین کا ایک ملازم اور ایک پولیس اہلکار شامل ہیں۔ حکام کے مطابق بیشتر زخمیوں کو مقامی اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے، جبکہ 5 شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے صوبائی دارالحکومت منتقل کر دیا گیا ہے۔
‎واقعے کے فوراً بعد اسکول میں موجود تمام طلبا کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور پولیس کے خصوصی دستے موقع پر پہنچ گئے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر صورتحال کو کنٹرول میں لیا اور بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
‎تاحال حملے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اس افسوسناک واقعے کے محرکات سامنے لائے جا سکیں۔
‎ماہرین کے مطابق ایسے واقعات تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی کے حوالے سے سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں اور اس بات کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں کہ طلبا کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔

More posts