نئی دہلی: معروف گلوکارہ جیسمین سینڈلاس کا حالیہ کنسرٹ اس وقت تنازع کی زد میں آ گیا جب سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے مداحوں کو مایوس کر دیا۔
جیسمین سینڈلاس، جو اپنے مقبول گانوں ’دھورندھر‘ اور ’دھورندھر دا ریوینج‘ کے باعث خاصی شہرت حاصل کر چکی ہیں، ان دنوں اپنے لائیو کنسرٹ کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ ان کے کنسرٹ کی ایک ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں اسٹیج پر گانے کے بجائے بیک گراؤنڈ میوزک پر لپ سنک کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد مداحوں کی بڑی تعداد نے شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ شائقین کا کہنا ہے کہ انہوں نے مہنگے ٹکٹ خرید کر لائیو پرفارمنس کی توقع کی تھی، لیکن انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
کنسرٹ کے دوران ایک موقع پر جیسمین سینڈلاس کو اسٹیج پر پانی کی بوتل اپنے اوپر انڈیلتے اور پھر ڈانس مووز کرتے بھی دیکھا گیا، جس پر بعض افراد نے ان کے اندازِ پرفارمنس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔سوشل میڈیا پر صارفین نے مختلف ردعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ جب پرفارمنس لپ سنک پر مشتمل ہو تو پھر اتنے مہنگے ٹکٹ کیوں فروخت کیے جاتے ہیں۔ کچھ صارفین نے واضح طور پر ٹکٹ کی رقوم واپس کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ “کنسرٹس میں لائیو گانے کے بجائے لپ سنک کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے جو مداحوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔” جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ “دو ہٹ گانوں کے بعد توقعات بڑھ گئیں مگر پرفارمنس مایوس کن رہی۔”
واضح رہے کہ جیسمین سینڈلاس کو ابتدائی شہرت فلم ’کِک‘ کے مشہور گانے ’مینو یار نہ ملا‘ سے ملی تھی، جس کے بعد ان کا کیریئر تیزی سے آگے بڑھا۔ تاہم حالیہ کنسرٹ کے تنازع نے سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کے درمیان ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
