عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاصم اظہر اور معروف اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
گزشتہ چند مہینوں سے دونوں فنکاروں کے درمیان تعلقات میں بہتری کی خبریں گردش کر رہی تھیں، جبکہ مختلف تقریبات میں بھی ان کی مشترکہ شرکت نے مداحوں کی دلچسپی میں اضافہ کیا۔ سوشل میڈیا پر ان کی ممکنہ شادی سے متعلق قیاس آرائیاں بھی زور پکڑتی جا رہی ہیں۔اس وقت دونوں فنکار امریکا میں موجود ہیں، جہاں عاصم اظہر اپنے میوزک کنسرٹس میں پرفارم کر رہے ہیں، جبکہ ہانیہ عامر بھی ان تقریبات میں شریک ہو رہی ہیں۔حال ہی میں نیویارک میں ہونے والے ایک کنسرٹ کے دوران ایک دلچسپ لمحہ دیکھنے میں آیا، جب عاصم اظہر نے پرفارمنس کے دوران مختصر طور پر ہانیہ عامر کا ہاتھ تھام لیا۔ اس منظر کو مداحوں نے فوری طور پر کیمرے میں محفوظ کر لیا، جس کے بعد ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
کنسرٹ کے دوران دونوں فنکار سفید لباس میں ہم آہنگ انداز میں دکھائی دیے، جبکہ ہانیہ عامر نے سرخ ماسک کے ذریعے اپنا چہرہ ڈھانپ رکھا تھا۔اس واقعے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردِعمل سامنے آیا ہے۔ کئی مداحوں نے اس جوڑی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ممکنہ شادی کی امید بھی ظاہر کی، جبکہ کچھ صارفین نے اس لمحے کو غیر مناسب قرار دیا۔
