حکومت نے عوام کو جزوی ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے کمی کے بعد نئی قیمت 409 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 5 روپے کم ہونے کے بعد 409 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا تھا، جس کے تحت پیٹرول 14 روپے 92 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا اور نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے مقرر کی گئی تھی۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ڈیزل 414 روپے 58 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا تھا۔
حالیہ کمی کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اب بھی بلند سطح پر موجود ہیں، جس کے باعث ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر چیزوں کی قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہو رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ 5 روپے کمی اگرچہ خوش آئند ہے، لیکن حالیہ بڑے اضافوں کے مقابلے میں یہ ریلیف ناکافی محسوس ہو رہا ہے۔
حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل 5 روپے فی لیٹر سستا کر دیا
