Baaghi TV


فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران پہنچ گئے

چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تہران پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اہم ایرانی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
‎سکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے دورۂ ایران کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات، خطے میں قیامِ امن اور مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر اہم بات چیت کریں گے۔
‎ذرائع کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اعلیٰ ایرانی حکام اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی تعاون، علاقائی سلامتی اور سفارتی پیش رفت سے متعلق امور زیرِ بحث آئیں گے۔
‎دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اس وقت ایران میں موجود ہیں۔ ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امریکا ایران جنگ کے خاتمے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
‎رپورٹس کے مطابق ملاقات میں ایران امریکا جنگ بندی سے متعلق مختلف مسودوں اور ممکنہ سفارتی حل پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن کے قیام کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا۔
‎سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی آج بھی تہران میں قیام کریں گے اور امریکا ایران مذاکرات سے متعلق مزید اہم ملاقاتیں جاری رکھیں گے۔
‎تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اس وقت خطے میں سفارتی کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور تہران میں ہونے والی ملاقاتیں مستقبل کی اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہیں۔

More posts