فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے عید الاضحیٰ کے موقع پر بلوچستان کے ضلع ژوب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مغربی سرحدوں پر تعینات اگلے مورچوں کے جوانوں کے ساتھ عید منائی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق دورے کا آغاز نمازِ عید کی ادائیگی سے ہوا، جس میں پاکستان کے پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے لیے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی غیر معمولی جرات، غیر متزلزل عزم، اعلیٰ عملی تیاری اور غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف مستقل چوکسی کو سراہا۔ انہوں نے ملکی دفاع میں جوانوں کی بے مثال قربانیوں اور بہادری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کوئٹہ میں حالیہ دہشت گرد حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے سرپرست فتنہ الہندوستان اور اس کے سہولت کار عناصر کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کے حوصلے کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحد اور پرعزم ہیں۔فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں، معاونین اور عناصر کا پوری قوت سے تعاقب جاری رکھا جائے گا تاکہ ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی اور وطنِ عزیز کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔


