Baaghi TV

پانی بحران ختم کرنا اولین ترجیح غفلت برتنے والے اہلکار گھر جائیں گے،غلام قمر وڑائچ

ٹیوب ویلز کی مانیٹرنگ اور وال مینوں کی حاضری یقینی بنانے کے لیے سرپرائز چیکنگ کا فیصلہ، ڈیوٹی سے غائب ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ
شہریوں کو شدید گرمی میں پانی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے خود فیلڈ میں رہوں گا سرکاری وسائل کا ضیاع برداشت نہیں کیا جائے گا، غلام قمر وڑائچ
گوجرخان (قمر شہزاد) نو تعینات چیف آفیسر بلدیہ گوجرخان غلام قمر وڑائچ نے چارج سنبھالتے ہی شہر میں پانی کے سنگین بحران اور فنی خرابیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سی او بلدیہ نے انکشاف کیا کہ شہر میں اکثر موٹریں جلنے کی بڑی وجہ متعلقہ عملے کی لاپرواہی ہے اہلکار موٹر چلا کر یا وال کھول کر غائب ہو جاتے ہیں جس سے نہ صرف سرکاری مشینری کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ عوام بھی پانی کی بوند بوند کو ترس جاتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب تمام ٹیوب ویلز کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی اور وال مینوں کی ڈیوٹی کے اوقات میں موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے وہ خود کسی بھی وقت سرپرائز چیکنگ کریں گے۔ غلام قمر وڑائچ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے چارج لیے ابھی تھوڑا وقت ہوا ہے لیکن میں نے عوامی مسائل کا ادراک کر لیا ہے۔ شدید گرمی کے اس موسم میں تمام وارڈز میں مساوی اور بلاتعطل پانی پہنچانا میرا مشن ہے۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ پانی کی فراہمی کے نظام کو مرحلہ وار بہتر بنایا جا رہا ہے اور جو بھی سرکاری ملازم اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا، اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ جلد ہی شہر کو پانی کے بحران سے نکال کر عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔

More posts