Baaghi TV


آسٹریلیا کا پاکستان کو 232 رنز کا ہدف

‎قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 232 رنز کا ہدف دے دیا۔ مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز اسکور کیے، جبکہ پاکستانی باؤلرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو بڑے مجموعے تک پہنچنے سے روک دیا۔
‎میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتدائی طور پر درست ثابت ہوا۔ اگرچہ آسٹریلوی بلے بازوں نے کچھ اہم شراکتیں قائم کیں، لیکن پاکستانی باؤلرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کر کے رنز کی رفتار کو قابو میں رکھا۔
‎آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین اور جوش انگلس نمایاں رہے۔ کیمرون گرین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 53 رنز بنائے جبکہ جوش انگلس نے 51 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ میٹ رینشا نے بھی 43 رنز کا اہم اضافہ کیا اور ٹیم کے مجموعے کو مستحکم بنانے میں کردار ادا کیا۔
‎آخری اوورز میں اولیور پیکے نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر 31 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں ایک چوکا اور دو چھکے شامل تھے، جس کی بدولت آسٹریلیا 230 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہا۔
‎پاکستانی باؤلرز میں عرفات منہاس نے ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی دکھائی اور 27 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار احمد نے بھی نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی بلے بازوں کو آزادانہ کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔
‎فاسٹ باؤلنگ میں شاہین شاہ آفریدی سب سے نمایاں رہے۔ انہوں نے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں اور درمیانی و آخری اوورز میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن پر دباؤ برقرار رکھا۔ حارث رؤف نے بھی اختتامی اوورز میں اپنی رفتار اور درست یارکرز سے بلے بازوں کو مشکلات میں رکھا اور اننگز کی آخری گیند پر اولیور پیکے کو بولڈ کر دیا۔
‎پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور آج کا میچ جیت کر گرین شرٹس سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔
‎میچ کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ پاکستان کرکٹ کے معروف مداح "چاچا کرکٹ” کو اختتامی تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز کو اپنی آخری سیریز قرار دیا ہے۔

More posts