Baaghi TV

موٹروے زیادتی کیس،ملزمان کی لاہور ہائیکورٹ سے اپیلیں مسترد

lahroe

لاہور ہائیکورٹ نے موٹر وے اجتماعی زیادتی کیس میں سزائے موت پانے والے دو مجرموں عابد ملہی اور شفقت بگا کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے ان کی سزائیں برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کی جانب سے سنائی گئی سزائے موت کو برقرار رکھا۔ فیصلے کے بعد پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے مقدمے کی مؤثر پیروی پر پراسیکیوشن ٹیم کی کارکردگی کو سراہا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مجرموں کی جانب سے دائر اپیلوں پر سماعت کی۔ عابد ملہی اور شفقت بگا نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مقدمے کے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا گیا اور ان کے دفاع کو مناسب طور پر نہیں سنا گیا، لہٰذا سزائے موت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر انہیں بری کیا جائے۔

سماعت کے دوران پراسیکیوٹر راحیلہ شاہد نے اپیلوں کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے تمام شواہد اور حقائق کا جائزہ لینے کے بعد میرٹ پر فیصلہ سنایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں مجرموں کے خلاف ٹھوس اور ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں، اس لیے اپیلیں مسترد کی جائیں،فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے بعد ازاں سناتے ہوئے عدالت نے دونوں مجرموں کی اپیلیں خارج کر دیں اور ان کی سزائے موت برقرار رکھنے کا حکم جاری کر دیا۔

More posts