وزیراعظم محمد شہباز شریف نےچین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ سےملاقات کہ صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور پرتپاک جذبات کا اظہارکرتے ہوئے حالیہ دورۂ کے دوران چینی قیادت کے ساتھ ہونے والی انتہائی مفید، بامقصد اور نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ذکر کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان ’’ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری‘‘ کو مزید مستحکم بنانے کے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلےکے تحت زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز اور معدنیات و کان کنی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کے دورۂ چین کے موقع پر ہانگژو میں منعقدہ بزنس ٹو بزنس (B2B) سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والی مختلف مفاہمتی یادداشتوں (MOUS) پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے ثمرات جلد از جلد حاصل کیے جا سکیں۔
وزیراعظم نے دورۂ چین کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے میں چینی سفیر کی گرانقدر خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں اور حکام پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دونوں قیادتوں کے طے کردہ فیصلوں کو عملی شکل دینے کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں۔
ملاقات کے دوران قراقرم ہائی وے ری الائنمنٹ منصوبے پر پیش رفت کو تیز کرنے، سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور دفاعی تعاون کے فروغ، نیز پاکستان کے لیے اقتصادی اور مالی معاونت سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اہم بین الاقوامی پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔
سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے وزیراعظم کوکامیاب دورۂ چین پر مبارکباد دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی فولادی اور لازوال برادرانہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
