Baaghi TV

کویت میں فوجی گاڑیوں کی ویڈیو بنانے والا شخص گرفتار

arrest

کویت سٹی: کویت کی وزارت داخلہ نے دفاعی کارروائیوں کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر نشر کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق ملزم نے فوجی دفاعی نظام سے متعلق ویڈیو ریکارڈ کر کے آن لائن شیئر کی، جس کے بعد اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ حساس دفاعی سرگرمیوں کی تصاویر اور ویڈیوز کی تشہیر قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم ویڈیو بناتے وقت گاڑی چلا رہا تھا اور اسی دوران حادثے کا شکار بھی ہو گیا۔ حکام نے اس عمل کو نہ صرف ٹریفک قوانین بلکہ سیکیورٹی ضوابط کی بھی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

وزارت داخلہ نے شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوجی تنصیبات، دفاعی نظام یا سیکیورٹی کارروائیوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے سے گریز کریں۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ سیکیورٹی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ موجودہ غیر معمولی علاقائی حالات کے پیش نظر قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے اور قومی سلامتی کو متاثر کرنے والے کسی بھی مواد کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔وزارت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر مکمل عمل کریں اور قومی سلامتی سے متعلق حساس معلومات یا مواد کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے اجتناب برتیں۔

More posts