پاکستان میں پاسپورٹ سروسز کو مزید جدید اور عوام دوست بنانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا نے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی 2026 سے پاسپورٹ شہریوں کے گھروں تک پہنچانے کی سہولت کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔
ڈی جی امیگریشن نے پاسپورٹ سیکشنز کے دورے کے دوران شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی اور ان کی شکایات اور مسائل سنے۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ عوام کو درپیش مشکلات فوری طور پر حل کی جائیں اور سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔
دورے کے دوران محمد علی رندھاوا نے پاسپورٹ خدمات کی فراہمی کے نظام کا بھی جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کو بہتر، تیز رفتار اور آسان سہولیات فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ یکم جولائی سے پاسپورٹس کی ہوم ڈیلیوری کا نظام مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا، جس کے تحت شہریوں کو اپنا پاسپورٹ وصول کرنے کے لیے دفاتر کے بار بار چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ اس اقدام سے لمبی قطاروں اور انتظار کی مشکلات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
ڈی جی امیگریشن نے متعلقہ کورئیر کمپنیوں کو ہدایت کی کہ پاسپورٹس کی محفوظ، بروقت اور شفاف ترسیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور پاسپورٹ سروسز میں مزید اصلاحات بھی متعارف کرائی جائیں گی۔ ان کے مطابق نئے نظام سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ شہریوں کو زیادہ سہولت اور آسانی بھی میسر آئے گی۔
یکم جولائی سے پاسپورٹ گھر تک پہنچے گا
