Baaghi TV

پاکستان خطے میں امن،تعمیری سفارت کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، اسحاق ڈار

ishaq dar

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، باہمی تعاون اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور ہمسایہ و دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کو اہمیت دیتا ہے۔

نائب وزیراعظم نے یہ بات سری لنکا کے نیشنل ڈیفنس کالج کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے دوستانہ اور تاریخی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ دونوں جانب سے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

ملاقات کے دوران سری لنکن وفد کو پاکستان کی خارجہ پالیسی، علاقائی چیلنجز اور امن و استحکام کے حوالے سے حکومتی مؤقف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فریقین نے خطے میں امن، ترقی اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔نائب وزیراعظم نے سری لنکن وفد کے پاکستان کے کامیاب دورے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خوشگوار قیام کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

More posts