برازیل کے شہر ساؤ پالو میں ایک افسوسناک حادثے کے دوران 21 سالہ خاتون ماریا ایڈواردا فریٹاس بنجی جمپنگ کرتے ہوئے 40 میٹر بلند پل سے گر کر جاں بحق ہو گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ حفاظتی اقدامات میں مبینہ غفلت کے باعث پیش آیا، جس کے بعد مقامی حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ماریا ایڈواردا فریٹاس ایک ایڈونچر سرگرمی میں حصہ لے رہی تھیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عملے نے خاتون کو بنجی جمپ کے لیے تیار کیا اور پل کے کنارے تک لے گئے، تاہم مبینہ طور پر حفاظتی رسی ان کی بیلٹ کے ساتھ منسلک کرنا بھول گئے۔
رپورٹس کے مطابق تین کارکنوں نے خاتون کو "سپرمین اسٹائل” میں پکڑ کر پل کے کنارے پہنچایا اور جمپ کے لیے چھوڑ دیا۔ چند ہی لمحوں بعد خاتون کی چیخ و پکار سے معلوم ہوا کہ حفاظتی رسی نہیں باندھی گئی تھی۔ اس وقت تک وہ نیچے کھائی میں گر چکی تھیں۔
واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، تاہم شدید زخموں کے باعث خاتون جانبر نہ ہو سکیں۔ ایمرجنسی سروسز نے موقع پر ہی ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے ابتدائی طور پر چھ افراد کو حراست میں لیا۔ بعد ازاں 27، 32 اور 42 سال عمر کے تین افراد کو باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ یہ معلوم کیا جا رہا ہے کہ آیا حادثہ انسانی غفلت، حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی یا انتظامی کوتاہی کا نتیجہ تھا۔ اگر ذمہ داروں کے خلاف شواہد ملے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس افسوسناک واقعے نے ایڈونچر اسپورٹس اور تفریحی سرگرمیوں میں حفاظتی اقدامات کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بنجی جمپنگ جیسے خطرناک کھیلوں میں معمولی سی غفلت بھی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے حفاظتی اصولوں پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے۔
برازیل میں بنجی جمپنگ حادثہ، 21 سالہ خاتون جاں بحق
