Baaghi TV

کالام کشتی حادثہ: خیبرپختونخوا حکومت نے دو رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے کالام کی جھیل سیف اللہ میں پیش آنے والے کشتی حادثے کی شفاف تحقیقات کے لیے دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

اس حوالے سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیشل سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محمد ایاز کو کمیٹی کا سربراہ جبکہ اسپیشل سیکرٹری خزانہ زبیر احمد کو کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کمیٹی حادثے کے تمام حقائق، واقعات کی ترتیب اور اس کی بنیادی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ کمیٹی کشتی کی تکنیکی حالت، حادثے کے وقت موسم کی صورتحال، آپریشنل انتظامات اور دیگر متعلقہ عوامل کی بھی تحقیقات کرے گی۔کمیٹی اس امر کا بھی تعین کرے گی کہ کشتی آپریشن متعلقہ قوانین، اجازت ناموں اور حفاظتی تقاضوں کے مطابق چلایا جا رہا تھا یا نہیں۔ اس کے علاوہ کشتی چلانے والے کے لائسنس، پیشہ ورانہ اہلیت اور قانونی اجازت سے متعلق تمام پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

حکومتی نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حادثے کے وقت لائف جیکٹس، ریسکیو آلات اور دیگر حفاظتی انتظامات کی دستیابی اور ان کے مؤثر استعمال کا بھی تفصیلی معائنہ کیا جائے گا۔ کمیٹی انتظامی، قانونی اور ریگولیٹری خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے تدارک کے لیے اصلاحی اقدامات تجویز کرے گی۔مزید برآں، انکوائری کمیٹی مستقبل میں سیاحتی اور تفریحی مقامات پر اس نوعیت کے حادثات کی روک تھام کے لیے جامع سفارشات بھی مرتب کرے گی۔صوبائی حکومت نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی مکمل تحقیقاتی رپورٹ سات روز کے اندر حکومت کو پیش کرے۔

واضح رہے کہ کالام کی جھیل سیف اللہ میں کشتی الٹنے کے المناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جس کے بعد واقعے کی وجوہات جاننے اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔

More posts