کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گلی سے گزرنے والی خاتون کے ساتھ موٹر سائیکل سوار ایک نوجوان کی جانب سے نازیبا حرکت کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ، چشتی نگر میں شاہد پکوان کے سامنے واقع گلی میں 17 جولائی کو پیش آیا۔ واقعے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون گلی سے گزر رہی ہوتی ہے، اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان اس پر نظر پڑتے ہی اپنی موٹر سائیکل واپس موڑتا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ملزم خاتون کے قریب پہنچ کر چلتی موٹر سائیکل پر اس کے ساتھ نازیبا حرکت کرتا ہے اور فوری طور پر موقع سے فرار ہو جاتا ہے۔ اچانک پیش آنے والے اس واقعے پر متاثرہ خاتون گھبرا کر فوری طور پر گلی سے باہر نکل جاتی ہے۔
فوٹیج میں ملزم کا چہرہ واضح طور پر نظر آ رہا ہے، جس کی مدد سے اس کی شناخت ممکن بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد پولیس نے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور جلد اسے گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس ملزم سے متعلق معلومات ہوں تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔
شہری اور سماجی حلقوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خواتین کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اورنگی ٹاؤن میں خاتون سے نازیبا حرکت، سی سی ٹی وی منظر عام پر، ملزم کی تلاش شروع
