Baaghi TV

پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 211 رنز کا ہدف

‎ٹروبا میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسری اننگز میں 181 رنز پر آل آؤٹ کر دیا، جس کے بعد قومی ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 211 رنز کا ہدف ملا ہے۔
‎ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پاکستانی بولرز نے میزبان بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا اور وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرتے رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمار جوزف نے سب سے زیادہ 38 رنز بنائے، جبکہ ٹیگنارائن چندرپال نے 35، جسٹن گریوز نے 20 اور کیمار روچ نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔
‎پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر محمد عباس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تباہ کن بولنگ کی اور 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عباس نے اپنی تجربہ کاری کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن کو مشکلات میں ڈال دیا۔
‎اس کے علاوہ خرم شہزاد اور محمد علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عامر جمال نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
‎اب پاکستان کو میچ میں کامیابی کے لیے 211 رنز درکار ہیں۔ قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کے لیے یہ ہدف اہم امتحان ہوگا کیونکہ ٹیسٹ میچ کی پچ پر چوتھی اننگز میں رنز بنانا ہمیشہ ایک چیلنج سمجھا جاتا ہے۔
‎پاکستانی ٹیم کی نظریں اب مضبوط بیٹنگ کارکردگی پر ہیں تاکہ پہلے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کر کے سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا جا سکے۔

More posts