Baaghi TV

لاہور ،فیصل آباد میں چھتیں گرنے سے 9 افراد کی موت

لاہور: صوبہ پنجاب میں بارشوں کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثات میں لاہور اور فیصل آباد میں مکانوں کی چھتیں گرنے سے مجموعی طور پر 9 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں سکھ نہر کے قریب ایک مکان کی چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے،ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ ملبہ ہٹانے کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

ادھر فیصل آباد میں بھی بارش کے دوران ایک مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔حکام نے شہریوں کو بارشوں کے دوران خستہ حال عمارتوں اور کمزور چھتوں سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔

More posts