Baaghi TV

‎چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق

‎لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے نے ایک خوشی کی تقریب کو لمحوں میں سوگ میں بدل دیا۔ سکھ نہر کے قریب واقع ایک خستہ حال تین منزلہ مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
‎ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ گزشتہ رات تقریباً 10 بجے اس وقت پیش آیا جب گھر میں ایک بچے کی سالگرہ کی تقریب جاری تھی۔ تقریب میں خاندان کے افراد کے ساتھ متعدد رشتہ دار بھی شریک تھے۔ اچانک بالائی منزل کی چھت منہدم ہوئی اور اس کے ساتھ نیچے کی منزلوں کی چھتیں بھی گر گئیں، جس کے باعث متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
‎ابتدائی تحقیقات کے مطابق مکان کافی پرانا اور خستہ حال تھا۔ حالیہ بارشوں سے بچاؤ کے لیے سب سے اوپر والی چھت پر مٹی ڈلوائی گئی تھی، جس سے چھت پر اضافی وزن پڑا۔ بتایا گیا ہے کہ سب سے اوپر کی چھت دوسری منزل پر آ گری اور پھر اس کے دباؤ سے نیچے کی چھتیں بھی یکے بعد دیگرے منہدم ہو گئیں۔
‎ریسکیو حکام کے مطابق دو مرلے پر مشتمل اس تین منزلہ مکان میں تین بھائی اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہائش پذیر تھے، جبکہ ان کی بہن بھی اپنے بچوں سمیت سالگرہ کی تقریب میں شریک ہونے آئی ہوئی تھی۔ مکان کی تینوں چھتیں ٹی آر گارڈر سے تعمیر کی گئی تھیں، جو حادثے کے وقت بوجھ برداشت نہ کر سکیں۔
‎ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں تک ملبہ ہٹانے کی کارروائی جاری رکھی اور پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری بھی استعمال کی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور اہل محلہ کی بڑی تعداد بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک رہی۔
‎دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں جاری موسلا دھار بارشوں کے باعث دیگر حادثات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ فیصل آباد میں مکان کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو خستہ حال عمارتوں سے دور رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

More posts