پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ذاتی وجوہات کی بنا پر لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) ادھوری چھوڑ کر پاکستان واپس آ گئے ہیں۔ ان کی اچانک وطن واپسی نے شائقین کرکٹ کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران شاہین آفریدی کا اپنی فرنچائز کینڈی رائلز کی انتظامیہ کے ساتھ ایک معاملے پر اختلاف بھی سامنے آیا تھا۔ یہ واقعہ 19 جولائی کو کولمبو کیپٹلز کے خلاف کھیلے گئے میچ سے قبل پیش آیا، جب انہیں امپیکٹ پلیئر کے طور پر میدان میں اتارنے کی بات کی گئی، تاہم آفیشل ٹیم شیٹ میں ان کا نام شامل نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ٹیم شیٹ میں نام نہ ہونے پر شاہین آفریدی نے اپنی ناراضی کا اظہار کیا، جس کے بعد کینڈی رائلز کی انتظامیہ نے اس معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے ان سے معذرت کی۔ معذرت کے بعد پاکستانی فاسٹ بولر نے دوبارہ ٹیم کو جوائن کیا اور آئندہ میچز میں حصہ لیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے لنکا پریمیئر لیگ کے اس سیزن میں مجموعی طور پر 6 میچز کھیلے، جن میں انہوں نے 7 وکٹیں حاصل کیں۔ اگرچہ وہ اپنی مکمل مہم جاری نہ رکھ سکے، تاہم انہوں نے نئی گیند سے ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا اور اپنی بولنگ سے متاثر کن کارکردگی دکھائی۔
تاحال شاہین آفریدی یا پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان کی وطن واپسی کی ذاتی وجوہات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ تاہم اطلاعات کے مطابق ان کی واپسی مکمل طور پر ذاتی نوعیت کے معاملے کی وجہ سے ہوئی ہے۔
شائقین کرکٹ اب شاہین آفریدی کی آئندہ مصروفیات اور پاکستان ٹیم کے ساتھ ان کی دستیابی پر نظریں جمائے ہوئے ہیں، خصوصاً آنے والی بین الاقوامی سیریز کے تناظر میں ان کی فٹنس اور تیاری اہم سمجھی جا رہی ہے۔
ذاتی وجوہات پر شاہین آفریدی لنکا پریمیئر لیگ چھوڑ کر وطن واپس
