پرتگال کے معروف فٹبالر اور النصر کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈواور جارجینا روڈریگز کی شادی کی تاریخ اور مقام سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق طویل عرصے سے ایک ساتھ رہنے والے رونالڈو اور جارجینا اب شادی کرنے جا رہے ہیں، جوڑے کی شادی پرتگال کے جزیرے مادیرا میں ہونے کی اطلاعات ہیں، جہاں رونالڈو پیدا ہوئے اور ان کی پرورش ہوئی،برطانوی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شادی کی تقریب 8 اگست کو متوقع ہے-
برطانوی اخبار ’دی سن‘ کے مطابق 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو آئندہ ہفتے 32 سالہ جارجینا روڈریگز کے ساتھ پرتگال کے جزیرے مادیرا کے شہر فنشال میں شادی کریں گے،شادی کی تقریب فنشال کیتھیڈرل میں منعقد ہو گی، جہاں عام طور پر تقریبات سہ پہر 3 بجے شروع ہوتی ہیں،شادی کے بعد استقبالیہ کی تقریب شہر کے معروف فائیو اسٹار ’ساوائے پیلس‘ ہوٹل میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے گزشتہ سال تقریباً 8 سال تک تعلق میں رہنے کے بعد جارجینا کو شادی کی پیشکش کی تھی، 40 سالہ فٹبالر نے اپنی اسپینش پارٹنر کو قیمتی ہیرے کی انگوٹھی پیش کی، جسے جارجینا نے قبول کر لیا تھا،بعد ازاں جارجینا نے انسٹاگرام پر ہیرے کی انگوٹھی کی تصویر بھی شیئر کی تھی، جس میں ان کا ہاتھ رونالڈو کے ہاتھ پر رکھا ہوا تھا اور ان کی انگلی میں بڑی ہیرے کی انگوٹھی نمایاں تھی۔
رونالڈو اور جارجینا کی محبت کی کہانی تقریباً 8 سال قبل شروع ہوئی، جب جارجینا میڈریڈ میں ایک فیشن برانڈ کے آؤٹ لیٹ پر کام کرتی تھیں، دونوں کو پہلی مرتبہ 2017ء میں عوامی سطح پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا، دونوں کے 5 بچے ہیں، تاہم اپریل 2022ء میں ان کے جڑواں بچوں میں سے ایک چل بسا تھا۔
