اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ملک بھر کے پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانیوں کو سراہا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس شہداء کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء ہمارے سروں کے تاج ہیں اور ہم تاقیامت ان کے احسانات کا بدلہ نہیں چکا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پولیس شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔اجلاس میں ملک بھر کے لیے یکساں پولیس کریکٹر (کلیرنس) سرٹیفیکیٹ کے نظام کی اصولی منظوری دی گئی۔ فیصلے کے مطابق اب نیشنل پولیس بیورو کے ذریعے پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ جاری کیا جائے گا، جبکہ اس کے حصول کا پیچیدہ طریقہ کار ختم کرکے مکمل طور پر تیز رفتار اور آن لائن بنا دیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ شہری اب گھر بیٹھے نیشنل پولیس بیورو کے آن لائن پورٹل کے ذریعے پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ حاصل کر سکیں گے، جس سے عوام کو غیر ضروری دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے گی اور شفافیت میں بھی اضافہ ہوگا۔محسن نقوی نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا کے لیے بھی ملک بھر میں یکساں نظام وضع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے مربوط اور یکساں نظام سے شہریوں کو نمایاں سہولت میسر آئے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیشنل پولیس بیورو کو ایک فعال، جدید اور متحرک ادارہ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔دورے کے دوران وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس بیورو کی عمارت میں جاری تزئین و آرائش کے کام کا بھی معائنہ کیا، جبکہ ڈی جی نیشنل پولیس بیورو نے ادارے کی کارکردگی، اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں پر انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔
