Baaghi TV


امریکا میں آنتوں کی وبا سے پہلی 2 ہلاکتیں، مشی گن میں تشویش بڑھ گئی

‎امریکی ریاست مشی گن میں آنتوں کی خطرناک وبا سائیکلوسپوریاسس کے باعث پہلی بار دو افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے، جس کے بعد صحت حکام نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
‎غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 3 اگست 2026 کو سامنے آنے والی یہ اموات امریکا میں اس وبا سے ہونے والی پہلی تصدیق شدہ ہلاکتیں ہیں۔ مشی گن کے محکمہ صحت نے پیر کے روز دونوں اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ افراد پہلے ہی مختلف سنگین بیماریوں میں مبتلا تھے، تاہم سائیکلوسپوریاسس اور جسم میں پانی کی شدید کمی نے ان کی صحت کو مزید خراب کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
‎صحت حکام کے مطابق وبا کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم فی الحال کوئی نئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس وبا کا تعلق وسطی میکسیکو میں نجی کمپنی ٹیلر فارمز سے حاصل کیے گئے آئس برگ لیٹس سے جوڑا جا رہا ہے، تاہم دیگر ممکنہ ذرائع کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
‎تازہ اعداد و شمار کے مطابق صرف ریاست مشی گن میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 11 ہزار 234 ہو گئی ہے، جو گزشتہ رپورٹ کے مقابلے میں 461 زیادہ ہے۔ اب تک 193 مریضوں کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ وین کاؤنٹی سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ قرار دیا گیا ہے، جہاں ایک ہزار 379 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
‎محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 30 سے 39 سال کی عمر کے افراد اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جن میں 2 ہزار 216 مریض سامنے آئے ہیں۔
‎طبی ماہرین کے مطابق سائیکلوسپوریاسس ایک طفیلیے سائیکلو سپورا کے باعث پیدا ہونے والی بیماری ہے، جس کی عام علامات میں شدید اسہال، متلی، پیٹ میں درد، معدے کی خرابی، کمزوری اور جسم میں پانی کی کمی شامل ہیں۔ بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں یہ بیماری خاص طور پر پہلے سے بیمار افراد کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
‎دوسری جانب امریکی ادارہ سی ڈی سی کے مطابق 28 جولائی تک ملک بھر میں 6 ہزار 707 لیبارٹری سے تصدیق شدہ کیسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جبکہ 11 ہزار 500 سے زائد مشتبہ کیسز کی مزید جانچ جاری ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ قومی اعداد و شمار میں صرف لیبارٹری سے تصدیق شدہ مریضوں کو شامل کیا جاتا ہے۔

More posts